29 جون 2024 - 21:57
ایران: صدارتی انتخابات اگلے دور میں داخل، جلیلی اور پزشکیان کے درمیان مقابلہ ہوگا

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سعید جلیلی اور مسعود پزشکیان کے درمیان اگلے جمعہ کو دوبارہ مقابلہ ہوگا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران صدارتی امیدواروں کو مطلوبہ اکثریت نہ ملنے کی صدارتی انتخابات اگلے دور میں داخل ہوئے ہیں اور اب صرف دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان محسن اسلامی نے کہا کہ چودہویں صدارتی انتخابات میں تمام حلقوں میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے 58 ہزار 640 پولنگ اسٹیشنز میں دیے گئے ووٹوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 45 لاکھ 35 ہزار 185 تھی۔

ووٹوں کی گنتی کے بعد ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے 1 کروڑ 4 لاکھ 5 ہزار 191، ڈاکٹر سعید جلیلی نے 94 لاکھ 73 ہزار 298، ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے 33 لاکھ 83 ہزار 340 اور مصطفی پور محمدی نے 2 لاکھ 6 ہزار 397 ووٹ حاصل کئے۔

پہلے مرحلے میں کسی بھی امیدوار کو پچاس فیصد سے زیادہ ووٹ نہیں ملے لہذا آئین کے مطابق پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں کے درمیان اگلے مرحلے میں دوبارہ مقابلہ ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ اگلے مرحلے کے لئے تمام ضروری مراحل طے ہوچکے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

110